خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی "شکست” کے پیچھے آخر وجہ کیا ہے؟ آئیے پی ٹی آئی قیادت کے اس متعلق بیانات جانتے ہیں۔ کچھ نے اس کا ذمہ دار مہنگائی کو قرار دیا تو کچھ نے غلط امیدواروں کے انتخاب اور اقرباء کو ٹکٹیں دینے کو وجہ قرار دیا۔
پیر کے روز وزیراعلیٰ کے پی کے مشیر شوکت یوسفزئی نے اعتراف کیا کہ تحریک انصاف کی ہار کی وجہ بڑھتی ہوئی مہنگائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بڑھتی ہوئی مہنگائی سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیت اور ہار زندگی کا حصہ ہے، مہنگائی کی وجہ سے ہمیں مشکل وقت کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | نئی آڈیو سے متعلق سوال کا جواب مریم نواز گول کر گئیں
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقتدار میں ہونے کے باوجود بھی پی کی پی ٹی آئی حکومت نے انتخابات میں دھاندلی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے اور دو تین ماہ میں صورتحال مستحکم ہو جائے گی۔
اس کے برعکس وزیر اعظم سمیت دیگر کچھ رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے امیدواروں کے انتخاب میں غلطی کی ہے جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔
اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ آئیندہ وہ خود انتخابات کی نگرانی کریں گے اور تحریک انصاف دوبارہ ایک قوت بن کر سامنے آئے گی۔