تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سینٹرل پنجاب کے صدر حماد اظہر نے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور عمران خان تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
حماد اظہر نے اپنی رہائش گاہ سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بہت سوچ بچار کے بعد اس فیصلے پر پہنچے ہیں کہ ان حالات میں وہ پارٹی میں اپنی ذمہ داریاں مزید نہیں نبھا سکتے۔
حماد اظہر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس استعفے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پارٹی کی قیادت تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی کارکردگی پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی اہم فیصلے ان سے مشورہ کیے بغیر کیے گئے اور انہیں اس پر شدید تحفظات تھے۔
انہوں نے پارٹی کے اندر لابنگ اور غلط اطلاعات کے ذریعے ہونے والے فیصلوں پر بھی تنقید کی۔
حماد اظہر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ انہیں گزشتہ سال مئی کے واقعات کے بعد کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ کافی عرصہ چھپ کر رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب پارٹی میں ایک عام کارکن کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے، لیکن پارٹی کے اندرونی معاملات کی وجہ سے ان کے لیے عہدے پر فائز رہنا ممکن نہیں رہا۔
تحریک انصاف اندرونی اختلافات کا شکار
حماد اظہر کا یہ استعفیٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تحریک انصاف کی قیادت مشکلات کا شکار ہے اور اندرونی اختلافات مزید بڑھتے جا رہے ہیں۔ یہ استعفیٰ پارٹی کے لیے ایک بڑا جھٹکا سمجھا جا رہا ہے کیونکہ حماد اظہر کو پارٹی کے اندر اہمیت حاصل تھی۔
یہ حالات پی ٹی آئی کے اندرونی چیلنجز کی طرف اشارہ کرتے ہیں جن کا سامنا پارٹی کو اپنے سینئر رہنماؤں کی جانب سے ہو رہا ہے۔