بھارتی خاتون فیسبک پر ملنے والے شخص سے شادی کرنے پاکستان پہنچ گئی
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ایک ہندوستانی خاتون خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص سے شادی کرنے اور اس کے ساتھ رہنے کے لیے پاکستان آ گئی ہے جبکہ خاتون کی اس شخص سے دوستی فیسبک پر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر دہلی کی رہائشی پینتیس سالہ انجو نے مبینہ طور پر چند روز قبل اپنے 25 سالہ عاشق نصر اللہ کو دیکھنے کے لیے پاکستان کا سفر شروع کیا۔ نصر اللہ کا تعلق دیر بالا کے خوبصورت علاقے سے ہے۔
ان دونوں میں سے کسی نے بھی ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا وہ ابھی تک شادی کے بندھن میں بندھے ہیں یا نہیں۔
دوستی فیسبک پر ہوئی
ایک بیان میں انجو نے نصراللہ سے اپنی محبت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اور نصراللہ کے درمیان فیس بک پر دوستی ہوئی جو اب محبت میں بدل چکی ہے اور اب وہ ان کے بغیر اپنی زندگی کا تصور بھی نہیں کرسکتی۔ ادھر سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انجو اور نصراللہ کے درمیان دوستی کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
دیر بالا کے ضلعی پولیس افسر مشتاق خان نے بھی خاتون کی آمد کی تصدیق کی ہے۔ جبکہ لڑکی کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں اور وہ فی الحال پولیس کی حراست میں ہے۔ سیکورٹی ایجنسیاں اس متعلق انکوائری کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں |مسلم لیگ ن نے عبوری وزیر اعظم کے لیے اسحاق ڈار کے امیدوار ہونے کی تصدیق کر دی
سیما حیدر کا بدلہ ؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ آن لائن رومانس کا تازہ ترین واقعہ کچھ روز قبل 27 سالہ سیما غلام حیدر اور 22 سالہ سچن مینا کے درمیان منظر عام پر آیا جن کے مطابق ان کی ملاقات مقبول آن لائن گیم پب جی کے ذریعے ہوئی تھی۔ اس واقعے کے مطابق سیما اپنے چار بچوں کے ساتھ اپنے ساتھی کے ساتھ رہنے کے لیے بھارت بھاگ گئی تھی۔ سیما اپنے چار چھوٹے بچوں کے ساتھ مئی میں غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوئی تھی۔ جوڑے نے شادی کرنے اور ساتھ رہنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ پولیس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کر رہی ہے۔ ناظرین اب حالیہ واقعے کو مزاح سے سیما حیدر کا بدلہ قرار دے رہے ہیں۔