بھارت –
انڈیا ٹوڈے میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، بھارتی ریاست راجستھان کے ایک نجی سکول میں کام کرنے والی خاتون ٹیچر کو اتوار کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت کا جشن منانے کے بعد نکال دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اتوار کی رات تاریخ رقم کی اور بھارت کو پہلی بار ورلڈ کپ کے میچ میں شکست دی تھی۔
کشمیر میڈیا سروس کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نفیسہ عطاری کے نام سے شناخت شدہ مسلم ٹیچر کو راجستھان کے علاقے ادے پور کے نیرجا مودی اسکول میں اس کی ملازمت سے اس لیے نکال دیا گیا کہ انہوں نے مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر ایک اسٹیٹس کے ذریعے پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں | "مارو مجھے مارو” سے شہرت حاصل کرنے والے لڑکے کی نئی ویڈیو وائرل ہو گئی
دبئی میں ورلڈ ٹی 20 کے اس مشہور میچ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کو شکست دینے کے فوراً بعد ہی ٹیچر نے اسکول انتظامیہ کی طرف سے واٹس ایپ اسٹیٹس میں "جیت گیا… ہم جیت گئے” لکھا تھا۔ خاتون ٹیچر نے مبینہ طور پر میچ کے کچھ پاکستانی کھلاڑیوں کی تصاویر بھی اپ لوڈ کی تھیں جب کہ وہ پاکستان کی جیت پر خوش تھیں۔
رپورٹ کے مطابق، جب طالب علم کے والدین میں سے ایک نے پوچھا کہ کیا وہ پاکستان کی حمایت کرتی ہیں تو ٹیچر نے "ہاں” میں جواب دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے واٹس ایپ اسٹیٹس کے اسکرین شاٹس طلباء میں وائرل ہونے کے بعد اسکول انتظامیہ نے اسے نکال دیا۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے والوں کے خلاف بھارتی حکومت نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔