پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے دورے کے لیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ تین میچز پر مشتمل سیریز 20 جولائی سے 24 جولائی 2025 تک ڈھاکہ میں کھیلی جائے گی۔
اہم کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی سیریز اسکواڈ سے باہر
اس اسکواڈ میں کچھ نمایاں کھلاڑیوں کی غیر موجودگی نے شائقین کی توجہ حاصل کی ہے۔ آل راؤنڈر شاداب خان کندھے کی حالیہ سرجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں ۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر اسکواڈ سے باہر ہو چکے ہیں جو انہیں MLC 2025 میں سان فرانسسکو یونی کارنز کے لیے کھیلتے ہوئے لگی۔
اس کے علاوہ نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ، لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم، عرفان خان نیازی اور حسن علی کو بھی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ حسن علی کو انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اس سیریز کے لیے چند نئے کھلاڑیوں کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جنہیں اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا سنہری موقع ملے گا۔ احمد دانیال اور سلمان مرزا، دونوں تیز گیند باز پہلی بار قومی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ صوفیان مقیم جو دس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں ٹیم میں شامل ہیں۔ ٹاپ آرڈر بیٹر حسن نواز جنہوں نے رواں سال ڈیبیو کیا تھا اور آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ عباس آفریدی جو اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں ٹیم کا تجربہ کار رکن ہوں گے۔

پاکستان کا مکمل ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ
سلمان آغا ٹیم کی قیادت کریں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا اور صوفیان مقیم شامل ہیں۔
یہ سیریز نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خود کو منوانے کا موقع ہوگی بلکہ آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں کا بھی اہم حصہ سمجھی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ 2025: پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 7 ستمبر کو متوقع