دنیا پاکستان بارے دقیانوسی تصورات ختم کرے
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے دقیانوسی تصور سے ہٹ کر پاکستان کی طرف دیکھیں۔
وزیر خارجہ نے جمعہ کو اپنے دورہ سنگاپور کے دوران سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب اور ان کے ہم منصب ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کی۔
دی سٹریٹ ٹائمز کو انٹرویو
دورے سے قبل سنگاپور میں مقیم انگریزی زبان کے روزنامہ دی سٹریٹ ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کے بارے میں دقیانوسی تصورات ختم کر کے ایک نئی نظر ڈالنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان سیاسی رہنما کے طور پر، میں شدت سے محسوس کرتا ہوں کہ دنیا کو پاکستان کی دقیانوسی تصویر سے ہٹ کر اس پر ایک نئی نظر ڈالنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں | اعظم سواتی کے خلاف کیسز کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا
یہ بھی پڑھیں | لاہور میں خواجہ سراؤں کے لئے پہلا سکول کھل گیا
پاکستان کے خلاف ٹریول ایڈوائزری ختم کی جائے
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بہت سارے مواقع دنیا کی نظر کے منتظر ہیں جس میں پہلا قدم ملک کے خلاف ٹریول ایڈوائزری کو اٹھانا ہے۔ میں شدت سے محسوس کرتا ہوں کہ دنیا کو ایک امید افزا ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر پاکستان کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان اور ایشیائی ممالک میں آن لائن ٹریڈنگ اور ای کامرس کی سرگرمیاں عروج پر ہیں جو آئی ٹی اور مالیاتی خدمات کو آؤٹ سورس کرتے ہیں اور نوجوان اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوب مشرقی ایشیا کی ڈیجیٹل معیشت کے ساتھ قریبی تعاون اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) کے ساتھ بالخصوص تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے میں تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔