پاکستان کے معروف کرکٹر بابر اعظم کا بلّا اب میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (MCG) کے مشہور لانگ روم میں کرکٹ لیجنڈز کے ساتھ نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے۔ بابر اعظم نے یہ بلّا 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف استعمال کیا تھا۔
اس اعزاز کے لیے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے حکام نے خاص طور پر بابر اعظم سے درخواست کی تھی جسے انہوں نے فخر سے قبول کر لیا۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ ان کے لیے ایک خاص مقام رکھتا ہے جہاں کھیلنا ان کے کیریئر کا اہم حصہ رہا ہے۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے لانگ روم میں بابر اعظم کا بلّا ان عظیم کھلاڑیوں کے بلّوں کے ساتھ شامل ہوا ہے جن میں ڈان بریڈمین، جیک ہابز، برائن لارا اور ڈیوڈ بون شامل ہیں۔ بابر اعظم نے اس حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے اور اس سے انہیں بے حد خوشی محسوس ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ “میرے لیے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ میرا بلّا ان عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ یہاں موجود ہے جنہوں نے کرکٹ کی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا ہے”۔
بابر اعظم نے حال ہی میں پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کی قیادت چھوڑ دی ہے اور ان کی جگہ محمد رضوان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس اعزاز نے بابر اعظم کو بین الاقوامی کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں شامل کر دیا ہے جس سے ان کے مداحوں اور پاکستانی کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔