پاکستانی کرکٹ اسٹار بابراعظم تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن سے محروم ہوگئے ہیں۔ بھارت کے نائب کپتان شبمن گل نے انہیں پیچھے چھوڑ کر عالمی نمبر ایک بیٹر کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق سری لنکا کے اسپنر مہیش تھیکشنا نے بھی بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور وہ پہلی بار ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کے راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ تبدیلیاں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز کے ساتھ ہی سامنے آئی ہیں، جو پاکستان اور دبئی میں کھیلی جا رہی ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب شبمن گل نے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس سے قبل 2024 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بھی وہ بابراعظم کو پیچھے چھوڑ کر نمبر ون بنے تھے۔
تازہ رینکنگ میں بابراعظم 23 ریٹنگ پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے، جبکہ بھارت کے کپتان روہت شرما 45 پوائنٹس کے فرق کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دو درجے ترقی کے بعد پانچویں جبکہ سری لنکا کے چارتھ اسالانکا آٹھ درجے بہتری کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی کپتان محمد رضوان بھی نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے چھ درجے ترقی کے بعد کیریئر کی بہترین 15ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب، کرکٹ ماہرین کی جانب سے بابراعظم کو چیمپئنز ٹرافی میں اوپننگ پوزیشن پر کھلانے کے فیصلے پر تنقید کی جا رہی ہے، کیونکہ وہ حالیہ سہ فریقی سیریز میں زیادہ رنز اسکور نہیں کر سکے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے بابراعظم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد ہی بڑی اننگز کھیلیں گے اور چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے لیے اہم میچز میں پرفارم کریں گے۔