ایمپلوائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن (EOBI) نے پنشن میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اب کم از کم ماہانہ پنشن 10,000 روپے سے بڑھا کر 11,500 روپے کر دی جائے گی جبکہ 10,000 روپے سے زائد پنشن لینے والوں کو 15 فیصد اضافہ ملے گا۔
اس فیصلے کا مقصد ملک بھر کے بزرگ شہریوں کو مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی سالک حسین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں مالی سال 2024-25 کے دوران EOBI کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ EOBI کی آمدنی 116 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
اس مالی بہتری کے باعث EOBI اپنے سروسز کو بہتر بنانے اور پنشن کی رقم بڑھانے کے قابل ہوا ہے۔
اجلاس میں مستقبل کے منصوبے بھی زیر غور آئے جن میں 10 سے کم ملازمین والے اداروں کو بھی EOBI میں شامل کرنا شامل ہےتاکہ مزید افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
علاوہ ازیں EOBI اپنی سروسز کا دائرہ کار زراعت گھریلو ملازمت مالیاتی اور قانونی شعبوں تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے سوشل سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
پنشن میں اضافے کا باضابطہ اعلان یکم مئی (یوم مزدور) کو متوقع ہے تاکہ یہ اقدام محنت کش طبقے کو خراجِ تحسین کے طور پر پیش کیا جا سکے.