پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹیسٹ اتوار5 اکتوبر 2025 کو ملک بھر میں ایک ہی دن منعقد کیا جائے گا۔
یہ اعلان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈی نیشن کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کی جہاں پی ایم ڈی سی کے نمائندوں نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان تمام صوبوں میں بیک وقت منعقد ہوگا۔
ایم ڈی کیٹ 2025 کا نیا نصاب
پی ایم ڈی سی پہلے ہی ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے نیا نصاب جاری کر چکی ہے۔ پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق، اس سال کے امتحان کا نصاب درج ذیل پانچ مضامین پر مشتمل ہوگا:
بیولوجی
کیمسٹری
فزکس
انگلش
لاجیکل ریزننگ
امتحان میں کل 180 ایم سی کیوز (MCQs) ہوں گے اور اس کے لیے تین گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ امتحان میں نیگیٹو مارکنگ نہیں کی جائے گی۔ سوالات کی درجہ بندی کچھ یوں ہوگی:
15٪ آسان
70٪ درمیانے درجے کے
15٪ مشکل
داخلے کے لیے کم از کم نمبرز:
میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے کم از کم 55 فیصد نمبر درکار ہوں گے۔
ڈینٹل کالج میں داخلے کے لیے 50 فیصد نمبر ضروری ہوں گے۔
ڈاکٹر رضوان تاج نے مزید بتایا کہ پی ایم ڈی سی ایک سوالات کا بینک (Question Bank) تیار کرنے کے عمل میں بھی مصروف ہے۔ یہ نیا نصاب تعلیمی ماہرین، بورڈز اور جامعات کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے تاکہ جدید معیارات پر پورا اتر سکے۔