ایران کا گوادر کو یومیہ 100 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کا اعلان
وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پولان گبد بجلی ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے فعال ہونے کے بعد ایران بلوچستان کے گوادر کو یومیہ 100 میگاواٹ بجلی فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم نے یہ اعلان ایک میڈیا بریفنگ میں کیا جب انہوں نے اور ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے منڈ پشین سرحدی کراسنگ پوائنٹ پر ٹرانسمیشن لائن منصوبے اور مارکیٹ پلیس کا افتتاح کیا۔
زرائع کے مطابق یہ لائن ایران سے اضافی 100 میگاواٹ بجلی لا کر خطے کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس کے علاوہ، ایران کی ایک سرکاری خبر رساں ایجنسی ساتھ انٹرویو میں، وزیر اعظم نے ایران کے ساتھ بڑھے ہوئے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے منصوبے اور سرحدی منڈیاں پاکستان اور ایران کی دوستی کی طاقت کا مظہر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | سندھ میں او لیول کے نصاب میں قابل اعتراض مواد پر پابندی
پاکستان اور ایران برادر ملک ہیں
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران گہرے مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں میں بندھے برادر ملک ہیں۔ ہماری دونوں حکومتیں اپنے عوام کی بہتری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے قریبی تعاون کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مند-پشین سرحدی بازار اور پولان-گبد بجلی منصوبہ اس عزم کے واضح مظہر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر اقتصادی میدان میں زیادہ سے زیادہ تعاون کے لیے ایک سیڑھی کا کام کریں گے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق یہ منصوبہ 2009 سے زیر التوا تھا اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں چار ماہ کے ریکارڈ وقت میں مکمل ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ترقی، تجارت، کاروبار اور روزگار کے مواقع فراہم کرے گا جس سے گوادر اور بلوچستان کے عوام کی مستقبل کی خوشحالی میں مدد ملے گی۔