فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” کے نام سے ایک نیا پروگرام متعارف کرایا ہے جس کا مقصد بجلی کے صارفین کو زیادہ بااختیار بنانا اور بلنگ کے نظام میں شفافیت لانا ہے۔
یہ منصوبہ وزیرِاعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کی عملی شکل ہے۔
فیسکو کے ترجمان کے مطابق اب صارفین خود اپنے بجلی کے میٹر کی ریڈنگ جمع کروا سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں صرف "پاور اسمارٹ ایپ” کے ذریعے ایک تصویر لے کر مخصوص تاریخ پر اپ لوڈ کرنا ہو گا۔
یہ ایپ اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
صارفین کو چاہیے کہ وہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اپنا کنزیومر آئی ڈی اور دیگر معلومات درج کر کے رجسٹریشن مکمل کریں۔ اس کے بعد "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” والے آپشن پر جا کر میٹر کی تصویر لے کر اپ لوڈ کریں۔
فیسکو نے بتایا کہ اگر صارف کی جانب سے جمع کرائی گئی تصویر اس مہینے کی مقررہ تاریخ پر بھیجی گئی ہو تو وہ تصویر کمپنی کے ریڈر کی جانب سے لی گئی تصویر پر ترجیح دی جائے گی۔
اسی تصویر کی بنیاد پر بجلی کا ماہانہ بل تیار کیا جائے گا اور بل پر "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” کا ذکر بھی ہو گا۔
یہ طریقہ کار نہ صرف اوور بلنگ اور ریڈنگ کی غلطیوں کو کم کرنے میں مدد دے رہا ہے بلکہ بلنگ میں تاخیر جیسے مسائل کو بھی قابو میں لا رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ ایپ اُن صارفین کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہے جو محفوظ کیٹیگری (Protected Category) میں آتے ہیں کیونکہ اگر وہ وقت پر اپنی تصویر اپ لوڈ کر دیں تو انہیں غیر محفوظ کیٹیگری میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔
آخر میں ترجمان نے صارفین سے درخواست کی کہ میٹر کی تصویر لیتے وقت بجلی کے تاروں سے مناسب فاصلہ رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ صارفین کی حفاظت فیسکو کی اولین ترجیح ہے۔