پاکستان –
مختلف ممالک میں کوویڈ19 کی نئی قسم اومیکرون کے کیسز کے بعد تعلیمی اداروں کی بندش کے بارے میں قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان میں اسکول بند نہیں ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں انٹر بورڈز سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ سکول کھلے رہیں گے اور امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ19 کی وجہ سے طلباء کو پہلے ہی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | گورنمنٹ نے کراچی کے تمام بڑی شاہراہوں سے تمام سیاسی جماعتوں کے پرچم اتارنے کا حکم دے دیا
"حکومت تعلیمی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہیں چاہتی”
ایک روز قبل شفقت محمود نے کہا تھا کہ حکومت تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا چاہتی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ وہ نئے وائرس کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ نہیں لیکن تعلیم میں کوئی خلل نہیں آنا چاہیے۔
شفقت محمود نے کہا تھا کہ امتحانات مقررہ وقت پر اور مکمل نصاب کے ساتھ ہوں گے جیسا کہ وزرات تعلیم کا فیصلہ ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے پنجاب میں سموگ کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں دی جانے والی چھٹیوں کے حوالے سے بھی بات کی تھی۔