پاکستان کے معروف کرکٹ امپائر علیم ڈار نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔ تقریباً 25 سالہ شاندار کیریئر کے بعد علیم ڈار پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے موجودہ ڈومیسٹک سیزن 2024-25 کے بعد امپائرنگ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
وہ تین بار آئی سی سی کے بہترین امپائر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور انہیں 2009 سے 2011 تک لگاتار "ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی” دی گئی تھی۔
علیم ڈار نے اپنے امپائرنگ کیریئر کا آغاز 1998-99 میں قائد اعظم ٹرافی سے کیا اور 2003 میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کا حصہ بنے۔ انہوں نے 448 بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیے جن میں 145 ٹیسٹ، 222 ون ڈے اور 72 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔
اپنے کیریئر کے دوران، انہوں نے کرکٹ کے متعدد تاریخی میچوں کی نگرانی کی اور اپنی غیر معمولی قابلیت اور غیر جانبداری کی بدولت عالمی شہرت حاصل کی۔
پی سی بی نے انہیں اپنی امپائرنگ اور ریفری ڈپارٹمنٹ کی سربراہی کی پیشکش کی ہے، جس پر غور و فکر کے بعد وہ فیصلہ کریں گے کہ آگے کیا کریں گے۔ ان کی ریٹائرمنٹ پاکستانی کرکٹ کے ایک اہم دور کے خاتمے کا اعلان کرتی ہے، اور ان کا امپائرنگ میں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔