امریکہ خوشحال اور مستحکم پاکستان دیکھنا چاہتا ہے
امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایک خوشحال اور مستحکم پاکستان دیکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال اور مستحکم پاکستان امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کئی معاملات پر براہ راست رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سفارتی رابطے پر بیان نہیں دیا جا سکتا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، ویدانت پٹیل نے کہا کہ ہم اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ ان مسائل پر براہ راست بات کرتے ہیں جو امریکہ کے لیے اہمیت کے حامل ہیں اور وسیع تر علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | پاکستان کی ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے لیے ہتھیار ڈالنے کی شرط
گزشتہ 20 سال سے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ویدانت پٹیل نے کہا کہ محکمہ خارجہ کے پاس اس کیس پر بولنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس پر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے حکام سے رجوع کروں گا۔