نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے دوران پاکستان کے بلے بازامام الحق ایک حادثے کا شکار ہو گئے جس کے باعث انہیں میچ چھوڑنا پڑا۔
یہ واقعہ میچ کے شروع میں پیش آیا جب امام الحق رن لیتے ہوئے بھاگ رہےتھے۔ ایک فیلڈر کی تھرو سیدھی ان کے ہیلمٹ کی جالی کے اندر لگی اور پھر اوپر اٹھ کر ان کے جبڑے پر جا لگی۔ گیند تھوڑی دیر کے لیے ہیلمٹ میں ہی پھنس گئی۔
امام درد سے گھٹنوں کے بل گر گئے اور اٹھنے کے قابل نہیں رہے۔ طبی عملہ فوراً میدان میں آیا اور انہیں گاڑی کے ذریعے باہر لے جایا گیا۔ بعد میں بتایا گیا کہ امام الحق کو شدید چوٹ آئی ہے اور وہ میچ میں واپس نہیں آ سکیں گے۔ ان کا جبڑا ٹوٹنے کے خدشے کے پیشِ نظر انہیں اسپتال لے جایا گیاہے۔
اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے ہیں۔ یہ میچ ماؤنٹ ماونگانوئی کے بے اوول گراؤنڈ میں کھیلا گیا ہے۔ کیویز پہلے ہی نیپئر اور ہیملٹن میں جیت کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر چکے ہیں اور اب وہ سیریز میں تیسری برتری بھی حاصل کرنے کے لیے کھیل رہے ہیں۔