پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کو فخر زمان کی جگہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں ایونٹ سے باہر کر دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے میچ کے دوران، فخر زمان فیلڈنگ کرتے ہوئے پہلے اوور میں ہی انجری کا شکار ہوگئے۔ ان کی انجری کے باعث ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے امام الحق کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔ آئی سی سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق، امام الحق، جنہوں نے 72 ون ڈے میچز کھیلے ہیں، فخر کی جگہ ٹیم میں شامل ہوں گے کیونکہ فخر کو اوپلیک انجری کا سامنا ہے۔
فخر زمان نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی انجری کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے لکھا، "پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے ہمیشہ اعزاز رہا ہے، مگر بدقسمتی سے میں اب چیمپئنز ٹرافی 2025 کا حصہ نہیں ہوں۔ لیکن یقین ہے کہ اللہ بہترین منصوبہ ساز ہے۔ میں گھر سے اپنی ٹیم کی بھرپور حمایت کروں گا۔”
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ فخر زمان چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے والے دوسرے اوپنر ہیں، اس سے پہلے صائم ایوب بھی جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے دوران زخمی ہوکر ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔ فخر کی انجری پاکستان کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوسکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹیم کو 23 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔
پاکستان کا اپڈیٹڈ اسکواڈ برائے چیمپئنز ٹرافی 2025:
محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، امام الحق، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، سلمان علی آغا، عثمان خان، ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی۔