وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کی ہر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔
پاکستان، افغانستان تجارت اور سرمایہ کاری فورم 2020 کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس خطے کے افغانستان کے ساتھ صدیوں سے تعلقات ہیں لیکن افغانستان میں افراتفری نے دونوں ممالک کو تکلیف دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن افغانستان چاہتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور افغانستان دونوں کو سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ افغانستان میں انتشار نے دونوں ممالک میں غلط فہمیاں پیدا کردی ہیں۔ بیرونی دباؤ افغانستان کے عوام پر اپنی رائے مسلط نہیں کر سکتا۔ اب عوام کو خود اپنے فیصلے خود کرنے ہوں گے۔
مزید پڑھئے | ٹرمپ کرسمس سے پہلے افغانستان سے فوج نکالنے کے خواہشمند ہیں
وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور سیاسی تعلقات کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ افغانستان اور پاکستان میں ترقی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور افغانستان میں امن کا فائدہ ہمیں اور دوسرے ممالک کو بھی حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی سے تجارت ، معیشت اور امن کی طرف جانا چاہئے۔