واٹس ایپ پر کیا جانے والا ایک نیا فراڈ سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ پر کئی دنوں سے ایک میسج گردش کر رہا ہے جس میں لوگوں کو انعامات دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، دھوکہ باز واٹس ایپ فراڈ کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کے ذاتی اور مالیاتی ڈیٹا جیسے بینک اور کارڈ کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔ یہ لنک ایپل اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے ساتھ ونڈوز پی سی کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | ٹک ٹاک سب سے زیادہ وزٹ ہونے والی ویب سائٹ بن گئی
یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ لنک کب شروع ہوا، لیکن ایک رپورٹ میں اشارہ دیا گیا ہے کہ یہ لنک چھٹیوں کے موسم میں مہنگے تحائف کے وعدوں کے ساتھ شروع ہوا۔
رپورٹ کے مطابق، اسکیمرز واٹس ایپ صارفین کو ایک لنک بھیجتے ہیں اور ایک بار جب صارف اس لنک پر کلک کرتا ہے تو ایک ویب سائٹ کھل جاتی ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ صارفین سروے کو بھر کر انعام جیت سکتے ہیں۔ صارف کے سوالات کے جوابات دینے کے بعد، انہیں ایک ویب سائٹ پر بھیج دیا جاتا ہے جہاں ان سے اپنی کچھ معلومات جیسے نام، عمر، پتہ، بینک کی معلومات، اور دیگر ذاتی ڈیٹا کو پُر کرنے کو کہا جاتا ہے۔
ایک بار جب صارفین یہ تفصیلات درج کر لیتے ہیں، تو یہ معلومات فراڈ گروپ کے پاس چلی جاتی ہے اور آپ کچھ نہیں کر سکتے۔ ان تفصیلات کو جعلی لین دین یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سکیمرز صارف کے آلے پر ممکنہ طور پر ناپسندیدہ ایپلی کیشنز بھی انسٹال کر سکتے ہیں۔
جب بھی کسی صارف کو کوئی ایسا لنک موصول ہو تو انہیں فوری طور پر اس کی سپیم کے طور پر اطلاع دینا چاہئے اور اسے ڈلیٹ کرنا چاہئے۔