جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والی 32ویں ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ 2025 میں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر سات تمغے اپنے نام کیے ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے مرکزی ایونٹ میں دو طلائی، دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا ہے جبکہ پلیٹ کیٹیگری میں بھی دو طلائی تمغے حاصل کیے ہیں۔
مرکزی مقابلوں میں پاکستان کے محمد سہیل عدنان (بوائز انڈر 13) اور نعمان خان (بوائز انڈر 15) نے طلائی تمغے جیتے۔ اسی ایونٹ میں احمد ریان خلیل (بوائز انڈر 15) اور ماہنور علی (گرلز انڈر 13) نے چاندی کے تمغے حاصل کیے جبکہ عبداللہ نواز (بوائز انڈر 19) نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ پلیٹ ایونٹس میں یحییٰ خان (بوائز انڈر 17) اور محمد مصطفیٰ (بوائز انڈر 13) نے طلائی تمغے جیت کر پاکستان کی کامیابیوں میں مزید اضافہ کیا۔
مقابلوں کی جھلکیوں میں خاص طور پر بوائز انڈر 15 کے فائنل میں دلچسپ بات یہ تھی کہ یہ میچ دو پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان ہوا جہاں نعمان خان نے احمد ریان خلیل کو 12-10، 11-6، 11-2 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ بوائز انڈر 13 کے فائنل میں محمد سہیل عدنان نے بھارت کے آیان دھنوکا کو 11-5، 11-2، 11-13، 11-6 سے ہرایا۔ گرلز انڈر 13 کے فائنل میں ماہ نور علی کا مقابلہ چین کی یِن زی سے ہوا جو کہ پانچ سیٹوں پر مشتمل ایک سخت اور سنسنی خیز میچ تھا۔ مہنور کو آخر کار 9-11، 11-6، 11-9، 9-11، 12-10 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پلیٹ کیٹیگری کے فائنلز میں یحییٰ خان نے کوریا کے چانیونگ کے کو 11-9، 11-7 سے ہرایا جبکہ محمد مصطفیٰ نے ہانگ کانگ کے ٹیسی کے سی کو 11-3، 11-8 سے شکست دی۔
پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) نے تمام تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں طلائی تمغے حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہم اپنے ان باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 اپنے نام کر لی