اسلام آباد ایئرپورٹ کو 15 سال کے لیے آؤٹ سورس کیا جائے گا
وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے جمعہ کو قومی اسمبلی میں اعلان کیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کو 15 سال کے لیے آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ نوی گیشنل سروسز اور رن وے آپریشنز کو آؤٹ سورس نہیں کیا جائے گا۔ سی اے اے اسے جاری رکھے گا۔باقی کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)، جو کہ عالمی بینک کی شاخ ہے، اس معاملے پر حکومت کا مشیر ہے۔ وزارت خزانہ نے مارچ میں کہا تھا کہ ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔
پچھلے مہینے کے آخر میں، حکومت نے کہا تھا کہ وہ اس وقت صرف اسلام آباد ایئرپورٹ کو آؤٹ سورس کرنا چاہتی ہے۔ پچھلے ہفتے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نینشل اسمبلی پینل کو بتایا کہ آؤٹ سورسنگ ہو رہی ہے۔ آج، وزیر ہوابازی نے بتایا کہ 12 سے 13 کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس پر بولی لگائی جائے گی۔
انہوں نے قانون سازوں کو یقین دلایا کہ پبلک پروکیورمنٹ رولز پر پوری طرح عمل کیا جا رہا ہے۔ ہم پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ اتھارٹی کے قوانین کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا پہلا ہوائی اڈہ ہوگا جسے ہم آؤٹ سورس کر رہے ہیں۔ اس میں بہترین بین الاقوامی طرز عمل کو لاگو کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اس کے بعد لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔ پوری دنیا نے یہ کیا ہے۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہم پتھر کے زمانے میں رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بہترین ائیرپورٹ آپریٹنگ پریکٹس نجی آپریٹرز کے ذریعے ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ گئے: اسٹیٹ بینک
ہندوستان میں 8 ائیر پورٹ آؤٹ سورس کئے گئے ہیں
ہمارے پڑوسی ملک ہندوستان میں، تقریباً آٹھ ائیرپورٹ ہیں جن کے آپریشن آؤٹ سورس کیے گئے ہیں۔ اسی طرح استنبول کا ہوائی اڈہ آؤٹ سورس ہے، مدینہ شریف کا ائیرپورٹ آؤٹ سورس ہے۔ اس کی بے شمار مثالیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آؤٹ سورسنگ کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ہوائی اڈے کو فروخت کیا جا رہا ہے یا گروی رکھا جا رہا ہے، یا کسی کو بے روزگار کر دیا جائے گا۔ میں بار بار یہ کہہ رہا ہوں کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے کسی بھی ملازم کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا۔ ہر ایک کو ملازمت کی حفاظت ہوگی اور انہیں قانون کے مطابق تنخواہیں ملیں گی۔