بدھ کے روز ترکیہ کے شہر استنبول میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترکیہ کی آفات سے نمٹنے والی ایجنسی AFAD کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں شہر کو لگنے والا ایک طاقتور زلزلہ ہے۔
زلزلے کے بعد فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور انہوں نے عمارتوں سے باہر نکل کر محفوظ مقامات کا رخ کیا۔ استنبول یورپ اور ایشیا کے سنگم پر واقع ہے اور آبادی کا تخمینہ تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ ہے۔
AFAD کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 49 منٹ پر (پاکستانی وقت کے مطابق 2:49 بجے) آیا، جس کا مرکز سیلیوری کے علاقے میں تھا جو استنبول کے مغرب میں تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ زلزلے کی گہرائی 6.92 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
ترک نشریاتی ادارے TGRT نے رپورٹ کیا ہے کہ زلزلے کے دوران خوفزدہ ہو کر ایک شخص بالکونی سے چھلانگ لگانے کے باعث زخمی ہوگیاہے۔
آج کے دن ترکیہ میں عام تعطیل تھی۔
AFAD نے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی متاثرہ یا کمزور عمارت میں داخل نہ ہوں کیونکہ مزید آفٹر شاکس کا خدشہ موجود ہے۔
دوسری جانب جرمن جیوفزیکل ریسرچ سینٹر (GFZ) نے بھی زلزلے کی تصدیق کی ہے تاہم اس کے مطابق شدت 6.02 اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔