سابق پاکستانی اداکارہ اریج فاطمہ جو اس وقت اپنے شوہر اور دو بچوں کے ساتھ امریکہ میں مقیم ہیں نے اپنے مداحوں کے ساتھ نہایت افسوسناک خبر شیئر کی ہے۔ اریج نے بتایا کہ چند ماہ قبل انہیں کوریو کارسینوما (Choriocarcinoma) نامی ایک نایاب اور تیزی سے پھیلنے والے کینسر کی تشخیص ہوئی۔
اریج، جو ڈراموں حسد، آپ کے لیے اور عشق پرست میں اپنی شاندار اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں نے اتوار کی شام انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ میں اس بیماری کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے لکھا کہ وہ کافی عرصے سے سوچ رہی تھیں کہ یہ بات سب کے ساتھ شیئر کریں یا نہیں کیونکہ ان کے بقول ہر کوئی آپ کی خوشی میں خوش نہیں ہوتا اور نہ ہی ہر کوئی آپ کے دکھ میں سچا دکھ محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا کینسر ابتدائی مرحلے میں پکڑا گیا جو ان کے لیے ایک بڑی نعمت ہے کیونکہ اکثر کیسز میں یہ بیماری دیر سے پتہ چلتی ہے۔ عریج کے مطابق کوریو کارسینوما ایک خطرناک کینسر ہے جو تیزی سے پھیلتا ہے اور عموماً "مولر پریگنینسی” کے بعد ہوتا ہے۔ یہ ایک نایاب صورتحال ہے جس میں رحم میں بچے کی بجائے غیر معمولی ٹشو بڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔ اور انتہائی کم کیسز میں جیسا کہ ان کے ساتھ ہوا یہ حالت کینسر میں بدل جاتی ہے۔
عریج نے اسے اپنی "دوسری زندگی” قرار دیتے ہوئے لوگوں کو نصیحت کی کہ اپنی صحت کو نظرانداز نہ کریں وقتاً فوقتاً میڈیکل چیک اپ کروائیں اور جسم میں کوئی غیر معمولی علامت نظر آئے تو فوراً مستند علاج شروع کریں بجائے اس کے کہ خود سے دوائیاں کھائیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کا اختتام یہ لکھ کر کیا:
"اپنی زندگی اور صحت کو معمولی نہ سمجھیں۔ براہ کرم مجھے اور میرے خاندان کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔”