سوشل میڈیا سے مشہور ہونے والا ارشد خان ‘چائے والا’ تو ہر پاکستانی کو یاد ہو گا جو اسلام آباد کے اتوار بازار میں ایک عام چائے والا تھا جس نے کچھ سال قبل اپنی پرکشش شکل کے سبب جنوبی ایشین سوشل میڈیا میں ٹاپ 10 پرکشش شخصیات میں بھی اپنا نام لکھوا لیا ہے۔
نیلی آنکھوں والے اس چائے والے نوجوان نے سوشل میڈیا کی مشہور شخصیت کی حیثیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا تھا اور اسے فیشن اور شوبز کی دنیا میں مدعو کیا گیا تھا۔ یہاں تک کہ اس نے ایک میوزک ویڈیو پر بھی کام کیا۔
کافی عرصہ غائب رہنے والا نوجوان ارشد چائے والا ایک بار پھر واپس آگیا – اور اس بار اس کی واپسی اسلام آباد میں ایک جدید طرز کا چائے کیفے بنانے کے ساتھ ہوئی ہے۔
نجی نیوز کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں ، ارشد خان نے بتایا کہ اب اس نے اسلام آباد میں اپنا ایک نیا کیفے ‘کیفے چائے والا’ کے نام سے کھولا ہے۔ ارشد خان کا کیفے ٹرک آرٹ کے تھیم پت مشتمل ہے جو پاکستانی ثقافت اور ورثہ کو فروغ دیتا ہے جبکہ اس میں سجاوٹ اور داخلہ ڈیزائننگ میں متحرک رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے۔
چائے والے نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ زیادہ تر لوگوں نے مجھ سے کہا کہ وہ کیفے کے نام سے ‘چائے والا’ کو ہٹائیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ ایسی چیز ہے جس نے مجھے اپنی ایک الگ شناخت دی جس کا میں ہمیشہ احترام کروں گا۔
ارشد خان نے کہا کہ وہ ایک ایسی تنظیم بھی قائم کرنا چاہتے ہیں جو نوجوانوں کی تعلیم کے لئے کام کر سکے ، خاص طور پر نوجوانوں کی پریکٹیکل سکلز پر تاکہ وہ معقول آمدنی حاصل کرسکیں۔
یاد رہے کہ فوٹوگرافر جویریہ نے سن 2016 میں ارشد خان کی تصویر سوشل میڈیا پر لگائی تھی جس کے بعد انہوں نے اچانک راتوں رات شہرت حاصل کی۔
ارشد خان کو ان کی اچھی تصویر اور آنکھوں کی بناء پتر خوب پذیرائی ملی اور جلد ہی وہ ماڈلنگ بھی کرنے لگے۔ جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایک میوزک ویڈیو میں بھی نمایاں کردار کیا۔
مزید یہ کہ لندن کے ایک میگزین کے ذریعے جاری کردہ ایشیاء کے 50 دلکش افراد کی فہرست میں خان کا نام بھی شامل تھا۔