پنجاب حکومت نے مسجد کے ائمہ کے لیے CM Honorarium Card رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے (Phase II) کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ائمہ کو ہر ماہ 25 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا تاکہ ان کی مالی معاونت کی جا سکے اور ان کی خدمات کو سراہا جا سکے۔
یہ فیصلہ پنجاب وزارتِ مذہبی امور نے کیا ہے تاکہ وہ علاقے بھی شامل کیے جا سکیں جو پہلے مرحلے میں رہ گئے تھے۔ Phase II کے تحت اب پنجاب کے باقی ماندہ ڈویژنز، اضلاع، شہروں اور تحصیلوں کو بھی پروگرام میں شامل کیا جا رہا ہے جن میں راولپنڈی ڈویژن کے تمام چھ اضلاع بھی شامل ہیں۔
مزید ائمہ CM Honorarium Card سے مستفید ہوں گے
حکام کے مطابق دوسرے مرحلے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام اہل مسجد ائمہ کی رجسٹریشن مکمل ہو اور انہیں اعزازیہ حاصل کرنے میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ پہلے مرحلے میں کئی ائمہ مکمل کوریج نہ ہونے کی وجہ سے شامل نہیں ہو سکے تھے جس کی کمی اب پوری کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حال ہی میں اعلان کیا کہ CM Honorarium Card اسکیم کے تحت ادائیگیاں اگلے ماہ سے شروع کر دی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران کہی۔
CM Honorarium Card کے ذریعے ماہانہ 25 ہزار روپے
وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے کی تقریباً 70 ہزار رجسٹرڈ مساجد کے ائمہ کو ہر ماہ 25 ہزار روپے مخصوص کارڈز کے ذریعے دیے جائیں گے۔ اس منصوبے پر حکومتِ پنجاب کو سالانہ تقریباً 20 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ائمہ کے بینک اکاؤنٹس پہلے ہی بینک آف پنجاب میں کھول دیے گئے ہیں۔ پنجاب میں مختلف مکاتبِ فکر کی 80 ہزار سے زائد مساجد ہیں جبکہ اب تک تقریباً 70 ہزار رجسٹریشن فارم موصول ہو چکے ہیں۔
CM Honorarium Card منصوبے کا مقصد ائمہ کرام کو عزت، مالی استحکام اور سہولت فراہم کرنا ہے۔






