آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین میچ سے قبل بھارتی قومی ترانے کی غلطی سے پلے ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے وضاحت طلب کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آسٹریلیا کے قومی ترانے کی جگہ بھارتی ترانہ چند لمحوں کے لیے بجایا گیا۔
آئی سی سی، جو ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات کی ذمہ دار ہے، کو اس غلطی پر تنقید کا سامنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ترانوں کی پلے لسٹ آئی سی سی نے تیار کی تھی، جس میں بھارت کا ترانہ بھی شامل تھا، حالانکہ بھارتی ٹیم پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیل رہی۔
پی سی بی نے اس معاملے پر آئی سی سی سے باضابطہ طور پر وضاحت طلب کی ہے۔ ایک ذریعے نے بتایا، “نہ صرف پاکستان بلکہ سبھی اس غلطی کی وضاحت کے حقدار ہیں۔” آئی سی سی کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
بھارت پاکستان میں آئی سی سی میچز کیوں نہیں کھیل رہا؟
یاد رہے کہ بھارت نے حکومتی مشورے کی بنیاد پر پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کیا تھا اور اپنی تمام میچز دبئی میں کھیل رہا ہے۔ دو روز قبل، دبئی میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کی نشریات کے دوران میزبان ملک پاکستان کا نام سرکاری لوگو میں شامل نہیں تھا، جس پر وسیع پیمانے پر قیاس آرائیاں ہوئیں۔ آئی سی سی کے ایک عہدیدار نے وضاحت کی کہ یہ “تکنیکی خرابی” کی وجہ سے ہوا اور آئندہ میچز میں اس کی تصحیح کی جائے گی۔