آرمی چیف کا 25 مئی کو یوم شہدائے پاکستان منانے کا اعلان
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اعلان کیا ہے کہ شہداء کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 25 مئی کو یوم شہدائے پاکستان منایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ اعلان جی ایچ کیو میں ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پاک فوج کے اعلیٰ حکام اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
افسروں اور جوانوں جو فوجی اعزازات سے نوازا گیا
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کو ان کی بہادری اور شاندار خدمات پر فوجی اعزازات سے نوازا۔ 51 افسران کو سٹار آف ڈسٹنکشن (ملٹری) سے نوازا گیا جبکہ 22 افسران اور جوانوں کو بسالت کا تمغہ اور دو جوانوں کو اقوام متحدہ کے خصوصی تمغہ سے نوازا گیا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بطور ادارہ ہمیشہ اس سے وابستہ ہر فرد، اس کے اہل خانہ کو یاد رکھتی ہے۔ یہ رشتہ بطور خاندان ایک قابل فخر اور شاندار مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں | ٹی ایل پی کا “پاکستان بچاؤ مارچ” آج کراچی سے شروع ہو گا
انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے وابستہ ہر سپاہی اور افسر اپنے فرائض کو سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر رکھتا ہے کیونکہ ایک مضبوط فوج ہی ریاست کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہداء کے مزارات پر حملے افسوسناک اور ناقابل برداشت ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔