پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ففتھ جنریشن وار کے خطرے سے قوم کو آگاہ کر دیا۔ کہا کہ ففتھ جنریشن وار کا مقصد ملک اور فوح کو بدنام کرنا اور انتشار پھیلانا ہے دیگر جنگوں کے ساتھ ہم یہ جنگ بھی جیتیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اگر ہم پر کسی قسم کی جنگ تھوپنے کی کوشش کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی بات کا اظہار ہم بالاکوٹ کے حملے کے جواب میں کر چکے ہیں۔ ہمیں نا تو نئے اسلحوں کی نمائش سے مرعوب کیا جا سکتا ہے نا ہی کوئی دھمکی اثر انداز ہو سکتی ہے۔ افواج پاکستان دشمن کسی بھی حرکت کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے دشمن کو کسی قسم کی سازش کرنے سے خبردار کیا اور کہا کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی تھی اور ہم آج بھی دشمن کے ہر قسم کے ناپاک عزائم مٹانے کے لئے تیار ہیں۔ ہمارے ملک میں ففتھ جنریشن وار کو مسلط کیا جا رہا ہے ہم اس جنگ سے بھی کامیابی کے ساتھ نمٹیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے اتوار کے روز یوم شہداء کے موقع پر جی ایچ کیو میں ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ مملکت پاکستان ایک اسلامی تشخص پر قائم ہے اور اسی بنیاد پر ہم نے آزادی حاصل ہے۔
ہم پوری دنیا میں امن کے قائل ہیں بالخصوص اپنے اس خطے میں لیکن ہمارے ہمسایہ ملک ہندوستان نے ہمیشہ غیر جانبدارانہ رویہ اپنایا ہے بالخصوص کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے بھارت نے پورے اس خطے کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ کہا تھا آج میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ان کا یہ قول ہمارے نصاب اور ایمان کا حصہ ہے۔ آج پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ہم جموں کشمیر پر کسی یکطرفہ فیصلے کو قبول نہیں کر سکتے۔