انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے سال 2024 کی مردوں کی ون ڈے انٹرنیشنل (ODI) ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستان کے تین اسٹار کھلاڑی سائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق، اس ٹیم میں صرف بہترین کھلاڑیوں کو ہی شامل نہیں کیا گیا بلکہ اسے اسٹار پاور، مستقل مزاجی اور ہمہ جہتی کا ایک متوازن امتزاج بنایا گیا ہے۔
سائم ایوب کا شاندار سال
سائم ایوب کے لیے یہ سال ایک "بریک آؤٹ سیزن” ثابت ہوا۔ انہوں نے نو میچز میں 515 رنز بنائے، جس میں 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی شامل ہے۔ ان کا بیٹنگ اوسط 64.37 اور اسٹرائیک ریٹ 105.53 رہا، جبکہ انہوں نے تین سنچریاں اور ایک نصف سنچری اسکور کی۔
سائم نے نومبر میں ڈیبیو کیا تھا، لیکن فوراً ہی اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو حیران کر دیا۔ آسٹریلیا میں تین میچز میں 125 رنز بنانے کے بعد، انہوں نے زمبابوے میں اپنی پہلی ون ڈے سنچری اسکور کی۔ دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچز میں 78.3 کی اوسط سے دو سنچریاں اسکور کر کے اپنی صلاحیتوں کا مزید لوہا منوایا۔
شاہین شاہ آفریدی کی مستقل مزاجی
شاہین آفریدی نے صرف چھ ون ڈے میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں، ان کا باؤلنگ اوسط 17.6 اور بہترین باؤلنگ 4/47 رہی۔ وہ ایک بار پھر دنیا کے سب سے خطرناک باؤلرز میں شامل رہے اور اپنی شاندار اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے ٹیم کے لیے انتہائی کارآمد ثابت ہوئے۔
حارث رؤف کی تباہ کن باؤلنگ
حارث رؤف نے آٹھ میچز میں 13 وکٹیں حاصل کیں، 22.4 کی اوسط کے ساتھ بہترین باؤلنگ 5/29 رہی۔ آسٹریلیا میں تین میچوں کی سیریز میں انہوں نے 10 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایڈیلیڈ میں ان کا شاندار فائیو وکٹ ہال بھی شامل تھا، جو پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کر گیا۔
دیگر کھلاڑیوں کی فہرست
آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل دیگر کھلاڑی یہ ہیں:
- رحمان اللہ گرباز (افغانستان)
- پتھم نسانکا (سری لنکا)
- کوسال مینڈس (وکٹ کیپر) (سری لنکا)
- چارتھ اسالنکا (کپتان) (سری لنکا)
- شیرفین ردرفورڈ (ویسٹ انڈیز)
- عظمت اللہ عمرزئی (افغانستان)
- وانندو ہسرنگا (سری لنکا)
- اے ایم غضنفر (افغانستان)
پاکستانی کرکٹرز کی اس کامیابی کو شائقین کرکٹ بھرپور انداز میں سراہ رہے ہیں، اور امید ہے کہ وہ آنے والے مقابلوں میں بھی اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھیں گے۔