وفاقی حکومت نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کو انڈکشن، پوسٹنگ، تقرریوں اور ترقیوں کے لیے تمام پبلک آفس ہولڈرز کی تصدیق اور اسکریننگ کے لیے خصوصی جانچ ایجنسی (ایس وی اے) کے طور پر کام کرنے کا اختیار دیا ہے۔
دو جون 2022 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سول سرونٹ ایکٹ 1973 کے سیکشن 25 کی ذیلی دفعہ (1) کے ذریعے دئیے گئے اختیارات کے تحت وزیر اعظم کو تمام پبلک آفس ہولڈرز کی تصدیق اور اسکریننگ کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کو خصوصی جانچ ایجنسی (ایس وی اے) کے طور پر مقرر کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | کریم کی پاکستان میں فوڈ ڈلیوری سروس معطل
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اعلیٰ عہدوں پر تقرری یا ترقی سے قبل لوگوں کی اسکریننگ کے فیصلے کا مقصد حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور بیوروکریٹس اور دیگر پبلک آفس ہولڈرز کے درمیان شفافیت کو یقینی بنانا ہے، جن پر اکثر ذاتی فائدے کے لئے بدعنوانی کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔
اس وقت، وفاقی اور صوبائی سطح پر اسپیشل برانچ میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کو تقرریوں/ پوسٹنگ/ ترقیوں کا معائنہ اور ٹیسٹنگ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
حکومت نے ابتدائی طور پر متعلقہ حکام کے ساتھ اپنا منصوبہ شیئر کیا جس کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔