جون 11 2020: (جنرل رپورٹر) ڈاکٹر سعد نیاز نے کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر آئیسولیشن کے دوران کھانے والی دوائیوں کے نام بتا دئیے
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ڈاکٹر سعد نیاز نے بتایا ہے کہ میں نے کورونا آئیسولیشن کے دوران صرف پیناڈول اور ملٹی وٹاون کا استعمال جاری رکھا جس کے بعد میں صحتیاب ہو گیا
کورونا وائرس کے مرض سے صحتیاب ہونے کے بعد ڈاکٹر سعد نیاز نے ایک وڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے گئے کسی بھی نسخے کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے لازمی مشورہ کریں ورنہ فائدہ کی بجائے نقصان بھی ہو سکتا ہے
انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ اگلے چار سے آٹھ ہفتوں میں کورونا وائرس کا دباؤ شدید ہو گا ملک میں یہ تیزی سے پھیلے گا- انہوں نے کہا کہ ملک کی طبی سہولتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ صرف اپنے آپ کا بچاؤ اور احتیاطی تدابیر ہی مریضوں کی واحد ڈھال ہے
دوسری جانب سوشل میڈیا رابطے کی اپلیکیشن واٹس ایپ پر سنا مکی میں کورونا کا علاج ہونے کی خبر تیزی سے گردش کر رہی ہے جس پر ماہرین نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے
طبی ماہرین کہتے ہیں کہ سنا مکی ایک عام جڑی بوٹی ہے جو بیٹ اور آنتوں کی بیماریوں کے لئے استعمال کی جاتی ہے جبکہ یہ بات کسی طور ثابت نہیں ہو سکی کہ سنا مکی کورونا وائرس یا پھیپھڑوں کے انفیکشن کے لئے کارآمد ہے- اس حوالے سے امریکی یونیورسٹی آف میری لینڈ اپر چیساپیک ہیلتھ میں بطور چیف آف انفیکشن ڈزیزز کے فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹر فہیم یونس نے ٹویٹر ہر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایسا اب تک کوئی ثبوت نہیں ملا کہ سنا مکی کورونا وائرس کے بچاؤ یا علاج کے لئے مفید ہے-انہوں نے کہا البتہ اس کے زیادہ استعمال سے نقصان ضرور ہو سکتا ہے لہذا بلا وجہ کھانے سے گریز کیا جائے- ڈاکٹر فہیم یونس نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس ہونے کی صورت میں وٹامنز کا استعمال آپ کے لئے فائدہ مند ہو سکتا ہے وہ بھی اس صورت میں جب آپ اس کی کمی کا شکار ہوں ورنہ وٹامنز لی زیادتی سے بھی طبیعت خراب ہو سکتی ہے