اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کے چوتھے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی تعلیم، ٹیکنالوجی اور ہنر مندی میں سرمایہ کاری کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس دن کو پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے تاریخی موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ان کے اس وژن کا تسلسل ہے جو انہوں نے 2010 میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب شروع کیا تھا، جس کا مقصد تعلیم، فنون لطیفہ، ثقافت، کھیل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات اور مالی مشکلات کے باوجود نوجوانوں کے فنڈز میں کبھی کمی نہیں کی گئی کیونکہ تعلیم اور نوجوانوں کا بااختیار بننا حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ 2011 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد لیپ ٹاپس شفاف طریقے سے تقسیم کیے جا چکے ہیں جن پر 40 سے 50 ارب روپے خرچ ہوئے۔ اب حکومت نے 500 ارب روپے نوجوانوں کی تعلیم، ہنرمندی اور بااختیار بنانے کے لیے مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم “قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری” ہے۔
شہباز شریف نے مزید بتایا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو مصنوعی ذہانت (AI) پر قومی پالیسی بنا رہے ہیں اور سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی میں بھی قدم رکھ رہے ہیں جو ملک کے روشن ٹیکنالوجیکل مستقبل کی علامت ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کی حکومت سعودی عرب کے ساتھ مل کر نوجوانوں کے لیے مصنوعی ذہانت، آئی ٹی اور جدید ہنر میں تربیت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا، “سعودی عرب 2030 ایکسپو اور 2034 فیفا ورلڈ کپ کی تیاری کر رہا ہے اور انہیں لاکھوں ماہر افرادی قوت درکار ہوگی۔ پاکستانی نوجوان ان کی ترقی کے شراکت دار بنیں گے۔”
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے لیے اقتصادی پیکیج اور تربیتی مواقع فراہم کیے۔
اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ ایران اور مسقط کے دوروں سے متعلق بریفنگ دی اور دوطرفہ تعلقات پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔






