پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کی صورتحال میں مجموعی طور پر بہتری کے تناظر میں ، گرودوارہ کرتار پور صاحب راہداری کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جمعہ کو وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ، کرتارپور راہداری کو دوبارہ کھولنا فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان کے مابین سن 2019 میں ہونے والے دوطرفہ معاہدے کے مطابق ہندوستانی زائرین کو روزانہ صبح سے شام تک کرتارپور گردوارہ میں آنے کی اجازت ہے۔ زائرین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کوویڈ19 کی احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں جس میں چہرے پر ماسک کا پہننا، بار بار ہاتھوں کو دھونا اور کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا شامل ہے۔
مقامی زائرین بھی روزانہ صبح سے شام کے وقت تک آسکیں گے جبکہ کوویڈ19 کے حفاظتی پروٹوکول کی پابندی کی تابعداری لازمی ہے۔
سکھ مذہب کے پہلے گرو بابا گرو نانک صاحب نے اپنی زندگی کے آخری 18 سال صوبہ پنجاب کے ضلع نارووال میں واقع قصبہ کرتار پور میں گزارے تھے۔ پاکستان نے مارچ میں کرتار پور میں گوردوارہ دربار صاحب کے سکھ یاتریوں کے دورے معطل کردیئے تھے کیونکہ ملک میں کورونا وائرس کی لہر جاری تھی۔
مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی یاد دلانے کے لئے جون میں اسے مختصر طور پر دوبارہ کھولا گیا تھا لیکن ہندوستان نے پاکستان کی پیش کش کو مسترد کردیا تھا اور اپنی جانب سے راہداری کھولنے سے انکار کردیا تھا۔
دنیا بھر کے لاکھوں سکھوں کے لئے ، یہ ان کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہے۔ جب 1947 میں برطانیہ سے آزادی کے وقت پاکستان ہندوستان سے جدا ہوا تھا تو کرتار پور سرحد کے مغربی کنارے پر ختم ہوا – حالانکہ اس خطے کے بیشتر سکھ دوسری طرف رہے۔
یاد رہے کہ 10 نومبر 2019 کو وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا جس کے بعد سکھوں کو ان کے مقدس مقام میں صبح تا شام آنے کی اجازت دی گئی تھی۔