پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا مشہور ایپ ٹک ٹاک کو وارننگ لیٹر جاری کر دیا ہے جس میں بےحیائی پر مشتمل وڈیوز کو ڈلیٹ کرنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے، بصورت دیگر پی ٹی اے ٹک ٹاک کو پاکستان میں بین کر سکتی ہے۔
پی ٹی اے حکام کی جانب سے اپنے موقف میں کہا گیا ہے کہ مختلف طبقات کی جانب سے آئے روز شکایات رہی تھیں کہ ٹک ٹاک کو غیر اخلاقی وڈیوز نشر کرنے کی وجہ سے بلاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وارننگ دینے پر ٹک ٹاک کا جو جواب ملا وہ تسلی بخش نہیں ہے۔
زرائع کے مطابق پی ٹی اے حکام کی جانب سے سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹک ٹاکو کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ وہ تمام غیر اخلاقی وڈیوز کو ٹک ٹاک سے ختم کرے اور آئیندہ ایسی وڈیوز اپلوڈ نا ہونے کی بھی یقین دہانی کروائی جائے۔
دوسری جانب پی ٹی اے کی جانب سے ٹک ٹاک سے ملتی جلتی سوشل میڈیا اپلیکیشن بیگو پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا یے۔ زرائع کے مطابق بیگو اپلیکیشن میں غیر اخلاقی مواد کو نشر کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد فوری طور پر اس اپلیکیشن کو پاکستان میں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک عرصے سے سوشل میڈیا سمیت قانونی طور پر عدالت میں بھی اپیل کی جاتی رہی ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی جائے جبکہ ٹک ٹاک کی وجہ سے کئی اموات بھی سامنے آئی ہیں۔ پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو اس سلسلے میں غیر اخلاقی مواد ہٹانے کے لئے آخری وارننگ دے رکھی ہے۔
زرائع کے مطابق پی ٹی اے کی ہدایات پر عمل درآمد نا کرنے کے پر پاکستان میں ٹک ٹاک کو بین کرنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔