پاکستان نے 126 ممالک کے شہریوں کے لئے ویزا فیس ختم کر دی ہے جو کہ ایک بڑی ویزا پالیسی تبدیلی ہے جس کا مقصد دنیا بھر سے سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف راغب کرنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس فیصلے کو "بزنس اور سیاحت کو فروغ دینے کا بڑا قدم” قرار دیا ہے۔
یہ فیصلہ فیڈرل کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کے مطابق 126 ممالک کے شہری کاروباری اور سیاحتی ویزے کے لئے بغیر کسی فیس کے 24 گھنٹوں میں آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ اس پالیسی کے تحت پاکستان میں کاروبار اور سیاحت کی سہولت کو بڑھانے کے لئے ای-گیٹس بھی قائم کئے جائیں گے جو کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر نصب ہوں گے۔
یہ اقدام نہ صرف سیاحوں بلکہ کاروباری افراد کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرے گا۔ اس کے علاوہ، سکھ یاتریوں کے لئے ویزا آن ارائیول کی ایک الگ سب کیٹیگری بھی متعارف کرائی جائے گی جو کہ تیسرے ملک کے پاسپورٹ رکھنے والوں کو سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ویزا فیس کی معافی کی لاگت غیر ملکی سرمایہ کاری اور سیاحت کے ذریعے پوری کی جائے گی، جس میں مذہبی سیاحت بھی شامل ہے، جو پاکستان میں بڑی تعداد میں مواقع فراہم کرتی ہے۔ اس پالیسی کے نفاذ کے بعد، پاکستان کی جانب سے ان 126 ممالک کو مطلع کیا جائے گا۔
یہ ویزا پالیسی تبدیلی پاکستان کے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی تعلقات کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔