پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 13 رنز سے جیت کر سیریز اپنے نام کر لی۔ یہ میچ سینٹرل برووارڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ اننگز کی شاندار شروعات صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کی جنہوں نے 138 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ سائم ایوب نے 66 رنز بنائے جبکہ فرحان نے 53 گیندوں پر 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ انہیں شمر جوزف نے سترہویں اوور میں آؤٹ کیا۔
اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ اور فہیم اشرف نے بالترتیب 11 اور 10 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اسکور کو مزید بہتر بنایا۔ مجموعی طور پر پاکستان کی اننگز میں 11 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 176 رنز بنا سکی اور 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف سے 13 رنز پیچھے رہ گئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی، حارث رؤف، محمد نواز، سفیان مقیم اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آخری میچ میں پاکستان نے دو تبدیلیاں کیں: حارث رؤف کو شاہین آفریدی کی جگہ شامل کیا گیا جبکہ خوشدل شاہ نے فخر زمان کی جگہ لی۔
پہلا میچ پاکستان نے 14 رنز سے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔ تیسرے اور فیصلہ کن میچ کی جیت کے ساتھ پاکستان نے سیریز 2-1 سے جیت لی۔