وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے عیدالفطر کے موقع پر ٹرینوں کے کرایوں میں 20 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت ریلوے کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ بیان میں اس رعایت کی تصدیق کی گئی ہے۔
پاکستان ریلوے نے عید کے موقع پر مسافروں کے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے چار خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹرینیں عید سے پہلے اور بعد میں چلائی جائیں گی تاکہ ملک بھر کے مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس خصوصی آپریشن کے تحت کوئٹہ سے پشاور کے لیے بھی ایک اہم روٹ مقرر کیا گیا ہے جو سبی، سکھر/روہڑی، خانیوال، لاہور اور راولپنڈی سے ہو کر گزرے گا۔
پاکستان ریلوے کے سی ای او عامر علی بلوچ کے نے مزید کہا کہ:
"ہمارا عید آپریشن 28 مارچ سے شروع ہوگا، جس میں تین ٹرینیں عید سے پہلے اور ایک ٹرین عید کے تیسرے دن روانہ ہوگی۔”
یہ کرایوں میں کمی تمام میل، ایکسپریس اور انٹر سٹی ٹرینوں پر لاگو ہوگی تاہم خصوصی عید ٹرینوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ یہ رعایت عید کے تینوں دنوں کے دوران بکنگ کے لیے دستیاب ہوگی۔
ریلوے وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ عید کے دوران تمام حفاظتی اقدامات اور ٹرین سروس کے معیار کو برقرار رکھا جائے گا۔