پاکستان –
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے ملاقات میں پاکستان سے عمرہ پروازوں کی جلد از جلد بحالی کا عندیہ دیا ہے۔
سعودی سفیر سے ملاقات میں نور الحق قادری نے کہا کہ وزارت مذہبی امور سعودی حکام کی ہدایات پر عمل درآمد کرے گی اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ وہ جلد ہی عمرہ پروازوں کی بحالی کا منصوبہ سعودی عرب میں متعلقہ حکام کے سامنے پیش کریں گے۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ جلد ہی عمرہ پروازوں پر سے پابندیاں ہٹا دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں | مینار پاکستان واقعہ: کیا واقعی عائشہ اکرم اور ریمبو بھاری رقم بٹور چکے ہیں؟
21 اکتوبر کو، سعودی عرب نے سماجی فاصلہ اور ماسک کی پابندیوں کو ختم کرنے کے چند دن بعد، عمرہ زائرین پر ایک ہی عمرہ کی پابندی ہٹا دی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق زائرین اب متعدد بار عمرہ کر سکتے ہیں کیونکہ اس سے قبل مذکورہ تاریخ اور وقت پر عمرہ کرنے کے لیے 15 دنوں میں صرف ایک بار کی اجازت دی جاتی تھی۔
تاہم، حجاج کرام کو ہر وقت ماسک پہننے کے علاوہ عمرہ ٹریکنگ ایپ کے ساتھ خود کو رجسٹر کروانا ہوگا۔
کوویڈ19 کی وبا شروع ہونے کے بعد پہلی بار، 17 اکتوبر کو سعودی عرب میں مکہ اور مدینہ کی مقدس مساجد میں نمازیوں نے کندھے سے کندھا ملا کر نماز ادا کی۔
حرمین شریفین اکاؤنٹ نے ٹویٹ کیا کہ مسجد الحرام کے امام نے نمازیوں کو فجر کی نماز کے دوران صفیں سیدھی کرنے اور فاصلہ ختم کرنے کی ہدایت کی۔