پنجاب میں 5 نئے اضلاع کی منظوری
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب میں جمعہ کو پانچ تحصیلوں کو اضلاع میں تبدیل کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ نے تونسہ شریف، مری، وزیرآباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادو کو نئے اضلاع بنانے کی منظوری دی۔
عوام سے کئے گئے وعدے پورے کردئیے ہیں
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کردئیے ہیں۔ میں نے تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان 2005 میں خواجہ شیراز ایم این اے کے بڑے جلسہ عام میں کیا تھا۔ اور 2018 میں حافظ عمار یاسر کے ایک بڑے اجتماع میں تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان بھی کیا۔
خدا کا شکر ہے، میں نے تونسہ اور تلہ گنگ کو نئے اضلاع کے طور پر منظور کر لیا ہے۔ اسی طرح مری، وزیر آباد، اور کوٹ ادو کو بھی اضلاع بنانے کی منظوری دی گئی ہے اور اللہ تعالی کا شکر ہے کہ تونسہ، تلہ گنگ، مری، وزیر آباد اور کوٹ ادو کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کئے۔
یہ بھی پڑھیں | ایم کیو ایم کا حکومت سے علیحدگی پر غور
یہ بھی پڑھیں | عمر سرفراز چیمہ کی آئی جی پنجاب کو رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء بشارت راجہ، محسن لغاری، راجہ یاسر ہمایوں، متعلقہ علاقوں کے اراکین اسمبلی خواجہ شیراز محمود، محمد خان لغاری، حافظ عمار یاسر سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ایس ایم بی آر نے پنجاب میں نئے اضلاع کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامی امور میں بہتری سے صحت اور دیگر سہولیات میں بہتری آئے گی۔
نئے اضلاع کا فیصلہ عوام کی سہولت کے لئے کیا
نئے اضلاع بنانے کا فیصلہ ارکان پارلیمنٹ اور عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے کیونکہ ترقی کے ثمرات عام آدمی کی دہلیز تک پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ محسن لغاری کے مطالبے پر جام پور کو ضلع بنانے پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے آئندہ چند روز میں حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔
تونسہ شریف، مری، وزیر آباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادو سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ضلع کا درجہ دینے پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام ان کے فیصلے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ کے آپریشن پر 25 لاکھ روپے خرچ ہوں گے اور حکومت مستحق مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرے گی۔