سٹی کمشنر افتخار علی شلوانی کے جمعہ کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق کراچی میں ماسک پہنے بغیر گھر سے باہر نکلنے والے شخص کو 500 روپے جرمانے کی سزا ہوگی۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 100 روپے سزا مقرر کی گئی ہے جبکہ اس جرمانے کا تعلق کراچی ، لاہور ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، ملتان ، حیدرآباد ، گلگت ، مظفر آباد ، میر پور ، پشاور ، کوئٹہ ، گوجرانوالہ ، گجرات ، فیصل آباد ، بہاولپور ، اور ایبٹ آباد سے بھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر آفس کراچی کی جانب سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خوف کی وجہ سے کراچی میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ کمشنر نے شہر کے تمام چھ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہری ماسک پہنے ہوئے ہوں۔
یہ بھی پڑھیں | نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر نے پبلک اور پرائیوٹ سیکٹرز کے 50 فیصد ورکرز کو گھر سے کام کرنے کا کہہ دیا
انہوں نے جاری حکم میں کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ شہری لازمی طور پر ماسک پہنیں۔ ماسک کے بغیر پائے جانے والوں کے متعلق ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کریں اور 500 روپے جرمانہ عائد کریں۔ کمشنر نے دکانداروں اور تاجروں سے بھی کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بازاروں اور دکانوں میں تمام ایس او پیز کو نافذ کیا جائے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھا گیا۔
انہوں نے دکانداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بغیر کسی ماسک کے اپنی دکانوں یا بازاروں کے اندر خریداروں کو نا جانے دیں۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔