وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ سعودی عرب کے دورے کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا 10 سے 15 مئی کے درمیان پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ پانچ سالوں میں سعودی وزیر اعظم محمد بن سلمان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ انہوں نے آخری بار سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں فروری 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
اس دورے کے دوران پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کو عملی شکل دی جائے گی۔
تاہم، سعودی وزیر اعظم کے دورے کی ختمی تاریخ کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک کی قیادت میں 50 رکنی اعلیٰ سطح کا سعودی تجارتی وفد پہلے سے ہی پاکستان میں موجود ہے جو دو روزہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد پہنچا ہے۔