پاکستان کی وزارت دفاع نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ سعودی معاون وزیر دفاع طلال بن عبداللہ بن ترکی العتیبی دفاع سے متعلق دو طرفہ منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے دو روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سرودی وزیر دفاع کا یہ دورہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود کے اسلام آباد کے دو روزہ دورے کے موقع پر ہوا ہے جس کا مقصد دو طرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانا اور پہلے سے طے شدہ سرمایہ کاری کے معاہدوں کو آگے بڑھانا ہے۔
پاکستانی وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی معاون وزیر دفاع دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورے کے دوران دفاع سے متعلقہ شعبوں میں دو طرفہ منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزارت دفاع کی طرف سے جاری کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ طلال بن عبداللہ منگل کی رات پاکستان پہنچے اور پاکستانی فوج، سرکاری حکام اور اسلام آباد میں سفیر سمیت سعودی سفارت کاروں نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستان سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا ہے۔ پاکستان سعودی مسلح افواج کو وسیع پیمانے پر مدد، اسلحہ اور تربیت فراہم کرتا ہے۔
یاد رہے کہ 1970 کی دہائی سے پاکستانی فوجی سعودی عرب کی حفاظت کے لیے سعودی عرب میں تعینات ہیں اور پاکستان سعودی فوجیوں اور پائلٹس کو تربیت بھی فراہم کرتا رہا ہے۔ دونوں ممالک باقاعدگی سے کثیر جہتی مشترکہ منصوبے اور دفاعی مشقیں بھی کرتے ہیں۔