پی سی بی کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی ہے اور اس ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ رمیز راجہ نے کھلاڑیوں کو پی سی بی کی تبدیلیوں کے بجائے کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق متوقع چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی کھلاڑیوں سے ملاقات ان کی خواہش پر لاہور کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کروائی گئی۔ اس ملاقات کا دورانیہ 2 گھنٹے تھا۔ اس ملاقات کے بعد رمیز راجہ نے علیحدہ سے کوچز سے بھی ملاقات کی۔
اس ملاقات میں رمیز راجہ نے کھلاڑیوں کو اپنے مستقبل کے پلانز سے متعلق بتایا اور انہیں اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو کھیلنے کا بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے موجودہ دور کی کرکٹ کو جارحانہ قررا دیا اور کہا کہ کھلاڑی نڈر ہوکر کھیلیں۔ کھیل میں جارحانہ انداز اپنائیں اور ہر میچ کے شروع میں ہی دوسری ٹیم پر غالب آنے کی کوشش کریں۔
یہ بھی پڑھیں | حکومت نے تیل اور گیس کی تلاش کے لیے پانچ لائسنس جاری کیے ہیں
انہوں نے بتایا کہ ہمیں جدید دور کی کرکٹ کے مطابق ہی اس کو لے کر چلنا ہوگا تاکہ پتہ چلے کہ کوئی جنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو اسی طرز پر کرکٹ کی ٹریننگ دینے کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس طریقے سے ہم ہر ایک کا رول طے کریں گے تا کہ غیر ضروری تبدیلیاں نا کرنی پڑیں۔
انہوں نے ورلڈ کپ اسکواڈ سے اپنی امیدوں کا اظہار کیا اور کہا کہ کھلاڑی اپنا سو فیصد دیں اور کوشش کریں کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کی بین الاقوامی رینکنگ کو بہتر بنائیں۔