نجی چینل نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بوئنگ 777 کے اسٹینڈ بائی کے حوالے سے نشر کی گئی رپورٹ کے درست ہونے کا دعوی کر دیا۔
قبل ازیں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نجی چینل کی خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے ‘جعلی’ قرار دیا تھا۔ تاہم ایک خط کی کاپی منظر عام پر آئی ہے جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی ایئرلائن سے اپنے دورہ سعودی عرب کے لیے بوئنگ 777 کا بندوبست کرنے کی درخواست کی تھی۔
نجی چینل نے وزارت خارجہ کی جانب سے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کو بھیجے گئے خط کی کاپی حاصل کر لی۔
وزارت خارجہ نے اپنے خط میں پی آئی اے انتظامیہ سے کہا کہ وہ بوئنگ 777 طیارے کو وی وی آئی پی کے آئندہ دورہ سعودی عرب کے لیے اسٹینڈ بائی پر رکھیں۔
خط کے مطابق خصوصی طیارہ 28 اپریل بروز جمعرات دوپہر 2 بجے اسلام آباد سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگا۔ جمعہ کو طیارہ 29 اپریل کو دوپہر 1:30 بجے جدہ سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگا۔
طیارہ 30 اپریل کو صبح 5 بجے جدہ سے اسلام آباد کے لیے اڑان بھرے گا۔
وزارت خارجہ نے چارٹرڈ طیارے کی دستیابی سے متعلق قومی ایئرلائن سے بھی جواب طلب کر لیا ہے۔
قبل ازیں، نجی نیوز نے اطلاع دی تھی کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ سعودی عرب کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) سے بوئنگ 777 کا مطالبہ کیا گیا ہے۔