مئی 05 2020: (جنرل رپورٹر) پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار حمزہ علی عباسی نے گٹار پر ترک سیریز ارتغرل غازی کی دھن بجائی جس کی وڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے
ارتغرل غازی ڈرامہ کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر روزانہ پی ٹی وی پر یکم رمضان سے دکھایا جا رہا ہے عوام پاکستان میں روز بہ روز بے حد مقبول ہو رہا ہے- یہ ڈرامہ اسلامی تاریخ پر مبنی ہے
ارتغرل غازی کی اس مقبولیت کے پیش نظر حمزہ علی عباسی جو جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ الف میں مومن کا کردار ادا کر رہے ہیں انہوں نے ایک منفرد اندار میں ارتغرل غازی سیریز کی ساؤنڈ ٹریک پر دھن بجا کر اپنی محبت کا اظہار بھی کیا
تفصیلات کے مطابق ارتغرل غازی کی دھن حمزہ علی عباسی نے گٹار پر بجائی جبکہ ان کی دھن کی وڈیو حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور عباسی نے ریکارڈ کی- سوشل میڈیا ناظرین کی جانب سے حمزہ علی عباسی کے اس منفرد انداز کو بھی بہت پسند کیا گیا اور وڈیو سوشل میڈیا کی زینت بن گئی
یاد رہے کہ ترک سیریز ارتغرل غازی کو پہلی بار 2014 میں ترکی کے ہی سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا- جبکہ اس سیریز کو اردو زبان میں ڈب کرنے سے پہلے اس کو 60 مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے
پاکستان میں یکم رمضان سے روزانہ سرکاری چینل پر 7 بج کر 45 منٹ پر یہ سیریز دکھائی جاتی ہے- ارتغرل غازی کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہی اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں مسلمانوں کو ایمانی قوت اور بہادری کو دکھایا گیا ہے نیز ماضی کے حکمرانوں کی جراءت متعلق بتایا گیا کہ وہ کیسے جذبہ جہاد کے پیش نظر لڑا کرتے تھے اور کس طرح انہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے- سوشل میڈیا کی مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ارتغرل غازی کئی بار ٹرینڈ کر چکا ہے اور پوری دنیا کے مسلمان اس پر ٹویٹس بھی کر رہے ہیں
یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی مشہور فلمی اداکار ہیں جنہوں نے حال ہی میں فلمی انڈسٹری کو خیر آباد کرنے کا اعلان کیا تھا- ان کے بقول وہ اب اپنی زندگی کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت اور فرماں برداری میں گزارنا چاہتے ہیں– ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب وہ صرف ایسے ڈراموں میں کام کریں گے جن کا مقصد معاشرے کی تشکیل ہو گا