تحریک انصاف کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ‘بڑھتی ہوئی مہنگائی اور گرتی ہوئی معیشت کے خلاف آج (جمعہ) سے ملک گیر ‘احتجاجی تحریک’ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’کل سے بڑھتی مہنگائی اور بگڑتی ہوئی معیشت کے خلاف احتجاج کریں گے اور تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حکومت نہیں ختم ہو جاتی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ فیصلہ سابق وزیراعظم اور پارٹی چیئرمین عمران خان نے آج زمان پارک لاہور میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔
اراکین اسمبلی احتجاج کی قیادت کریں گے
فواد چوہدری نے کہا کہ سب سے پہلے پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ہر شہر میں اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تین ہفتوں کے بعد عمران خان احتجاجی تحریک میں شامل ہوں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں | استعفوں کی تصدیق کے لیے پی ٹی آئی اراکین آج اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے
یہ بھی پڑھیں | وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا آئندہ ہفتے اعتماد کا ووٹ لینے کا امکان
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے سینیٹر اعظم سواتی کی رہائی کے لیے احتجاج کیا جائے گا جنہیں متنازعہ ٹوئٹس سے متعلق کیس میں حراست میں لیا گیا تھا۔
عوام ٹیکنو کریٹ حکومت کو کبھی قبول نہیں کریں گے
مزید یہ کہ فواد چوہدری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کا آئیڈیا برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ٹیکنو کریٹ حکومت کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ صرف عام انتخابات کو قبول کریں گے۔
پنجاب اسمبلی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو صوبے میں اکثریت حاصل ہے اور وہ کسی بھی وقت صوبائی اسمبلی کو تحلیل کرنے کا حق رکھتی ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی منڈی لگتی ہے تو آصف علی زرداری پیسوں سے بھرے تھیلے لے کر پنجاب میں قانون سازوں کو خریدنے آتے ہیں۔