سابق وزیراعظم عمران خان کے ملتان میں جلسے کے بعد پولیس نے رات گئے ان کی رہائش گاہ پر سرچ آپریشن کیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا دستہ مبینہ طور پر کارروائی کے لیے بنی گالہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پہنچا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ ان کی رہائش گاہ پر پہنچنے والے اسکواڈ میں سیکیورٹی اداروں کی گاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تاہم پولیس کی بھاری نفری کو پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے شدید جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے بنی گالہ کے اطراف کیمپ لگا رکھے ہیں۔ یہی نہیں تحریک انصاف کے کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں | کراچی میں تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان کے گھر پولیس کا چھاپہ
سابق وزیراعظم کے دفاع میں ہاتھ میں ٹہنیاں لے کر سامنے آگئے جس کے بعد پولیس کو آپریشن واپس لینا پڑا جب کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور موقع پر پہنچ گئے۔
یہ سارا آپریشن ایک گھنٹے تک جاری رہا جس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید جوابی کارروائی بھی کی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے 19 مئی کو عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر کیمپ لگائے تھے تاکہ پی ٹی آئی رہنما عمران خان کو ممکنہ گرفتاری سے بچایا جا سکے۔
اس موقع پر انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے 200 سے زائد کارکن موقع پر جمع تھے۔