پاکستان ہائی کمیشن نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے جبکہ برطانیہ کی حکومت نے واضح کہہ دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں دخل اندازی نہیں کریں گے۔
پاکستان ہائی کمیشن کے ذرائع نے نجی نیوز کو بتایا ہے کہ ایوین فیلڈ فلیٹس میں گرفتاری کے وارنٹ پر دستخط اور ان کی فراہمی کے لئے اب تک پانچ کوششیں کی جا چکی ہیں لیکن اس میں کوئی کامیابی نہیں ہو سکی ہے کیونکہ وارنٹ گرفتاری پر نا تو نواز شریف اور نہ ہی شریف خاندان کے کسی فرد نے دستخط کیے ہیں۔
ہائی کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ اس کے عملے کے ممبران نے جائیداد کی جگہ کے لئے وزٹ کیا ہے لیکن وہ فیملی کے کسی ممبر سے ملنے سے قاصر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارت کاروں نے برطانوی حکومت سے خارجہ اور دولت مشترکہ کے دفتر (ایف سی او) کے توسط سے گرفتاری کے وارنٹ عمل میں لانے میں مدد کرنے کا بھی کہا لیکن برطانوی حکومت نے واضح طور پر انکار کردیا اور پاکستانی حکام کو آگاہ کیا کہ برطانیہ حکومت ملک کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ برطانیہ نے پاکستانی عہدیداروں کو آگاہ کیا ہے کہ گرفتاری کے وارنٹ حاصل کرنا اس کا کام نہیں ہے اور اسے وارنٹ نافذ کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن کے لئے اختیارات محدود ہیں۔ اس معاملے میں ، بات کا اختتام نواز شریف پر ہوتا ہے اور یہ مکمل طور پر ان پر منحصر ہے کہ وہ یا تو رضاکارانہ طور پر خط و کتابت کو قبول کریں یا اس پر دستخط کریں۔ اس کے علاوہ نواز شریف کی فیملی کے افراد بھی اس کی طرف سے خط و کتابت پر دستخط اور اس کا اعتراف کرسکتے ہیں لیکن یہ صرف ایک رضاکارانہ صلاحیت میں کیا جاسکتا ہے اور انہیں دستخط کرنے اور اس پر اعتراف کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کو گذشتہ ہفتے بتایا گیا تھا کہ سابق وزیر اعظم نے برطانیہ میں اپنی رہائش گاہ پر ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ وصول کرنے سے "انکار” کر دیا ہے۔