عقرب ایک ایسا برج ہے جسے سب سے زیادہ غلط سمجھا گیا ہے. اس برج کا تعلق عام طور پر جنس مخالف، طاقت اور سازش سے ہوتا ہے. پارٹی میں کسی شخص کا یوں تعارف کرانا کہ میرا برج عقرب ہے، لوگوں کوخائف کر دیتا ہے. جب یہ شخص پارٹی سے چلا جائے تو لوگ اسے برا بھلا کہہ کر اطمینان کا سانس لیتے ہیں. عقرب کو غلط سمجھنے کی وجہ یہ ہے کہ اس برج کے تحت پیدا ہونے والے افراد اپنی سرگرمیوں کو حد درجہ خفیہ رکھتے ہیں.
ان کی پراسرار سرگرمیاں دوسروں کو شک و شبہ میں مبتلا کر دیتی ہیں.یہ لوگ اپنی نجی زندگی میں کسی کی مداخلت پسند نہیں کرتے، اور اپنے آپ کو لپیٹ کر رکھتے ہیں. یہ دوسروں سے دوستی کرنے میں بے حد محتاط ہوتے ہیں. سماجی تقریبات میں ان کا جانا بہت کم ہوتا ہے. اور اگر جائیں بھی تو زیادہ تر الگ تھلگ رہتے ہیں. اپنی انہی عادات کے باعث یہ اوائل عمر میں ہی اپنے جذبات کو کنٹرول کرنا سیکھ جاتے ہیں.اور کبھی بھی جذباتی پیچید گیوں کا شکار نہیں ہوتے .
ان کی شخصیت میں کنٹرول اور طاقت اہم ترین عنصر ہیں. برج عقرب کے لوگوں کا کسی کے کنٹرول میں ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور ان پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑتی ہے. عقرب جنس ‘ موت اور وجدان کا برج ہے. ان افراد کے ذہن پر جنس کا بھوت سوار ہوتا ہے، جو بے حد اثر انگیز اور خوفناک ہوتا ہے.
عقرب جنس ‘ موت اور وجدان کا برج ہے
جنس کی طاقت کا ہماری زندگی کے تمام پہلوؤں سے تعلق ہوتا ہے. عقرب فطری طور پر عاشقانہ مزاج کے ہوتے ہیں اس لئے وہ ہر طرح سے اپنی جنسی خواہشات کی تسکین کرتے ہیں. جنس کے معاملے میں ان کی تسکین جسمانی نوعیت کی ہوتی ہے اور یہ تسکین اکثر ادھوری رہتی ہے. کیونکہ اس تسکین کا تعلق ذہن سے نہیں ہوتا. اگر یہ اپنی جنسی خواہشات کو ذہن کے تابع بنا لیں تو جنسی لحاظ سے بے حد طاقتور ہو سکتے ہیں –
عقرب افراد طاقت حاصل کرنے کے لئے ہر وقت بے چین رہتے ہیں. ان کا موڈ لمحہ بہ لمحہ بدلتا رہتا ہے. کبھی یہ غصّے میں ہیں تو کبھی شدید پریشانی کے عالم میں ٹہل رہے ہیں .کبھی یہ خوفزدہ ہیں اور کبھی تنہائی محسوس کر رہے ہیں. ایسی صورتحال میں یہ طاقت کی خواہش کرتے ہیں جو انہیں حالات کے ظالم تھپیڑوں سے بچا سکے.
یہ لوگ ذرا سی محنت اور کوشش سے اپنے آپ کو بدل سکتے ہیں، اپنی زندگی میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں. ایک عقرب مجرم اگر اپنے دل کی آواز پر عمل کرتے ہوئے ذہن کی شکتی حاصل کرلے تو وہ شہرت اور دولت کی بلندیوں کو چھو سکتا ہے.ہمارے مشاہدے میں اسے مریض بھی آئے ہیں جو موت سے صرف چند قدم کے فاصلے پر تھے کہ ذہن کی طاقت نے انہیں بچا لیا. لیکن اس کے حصول کے لئے ضروری ہے کہ عقرب افراد اپنی بعض نقصان دہ عادتوں کی قربانی دیں.