ایران اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے دونوں ممالک کی مشترکہ اقتصادی کمیٹی کے تیسرے اجلاس کے اختتام پر مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
اس مفاہمت نامے پر ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ مہرداد بازرپاش اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادیات عبداللہ بن توق المری نے دستخط کیے ہیں جنہوں نے مشترکہ اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
مذکورہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران دونوں فریقوں نے تہران اور ابوظہبی کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہرداد بازرپاش نے کہا کہ ہم نے 10 سال بعد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کمیشن کا انعقاد کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا ایک موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، ایران کے دوسرے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر کے طور پر، ہمارے لیے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ بین الاقوامی شمال-جنوب ٹرانزٹ کوریڈور میں ایران اور متحدہ عرب امارات کے مقام کا ذکر کرتے ہوئے، مہرداد بازارپاش نے کہا ہے کہ شمال اور جنوب کی منڈیوں تک رسائی دونوں ممالک کے لیے تعاون کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔
آخر میں، ایرانی وزیر نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو آسان بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بینکاری اور مالیاتی مسائل کو حل کرنے پر زور دیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادیات عبداللہ بن توق المری نے اپنی طرف سے اس ملاقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج کی میٹنگ کا انعقاد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کی ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔ چین کے بعد متحدہ عرب امارات کے ایران کے ساتھ سب سے زیادہ تجارتی تعلقات ہیں۔
دونوں ممالک کی تجارتی مالیت 27 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور بہت سی ایرانی کمپنیاں متحدہ عرب امارات میں قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن اور بینکنگ تعاون کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا اس کمیشن کی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔
سرمایہ کاری کے شعبے میں متحدہ عرب امارات کی حکومت کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیوں کی تشکیل سے متعلق قانون کی منظوری اور نئی توانائیوں کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کے لیے حکومت کی حمایت نے ایک اچھا موقع فراہم کیا ہے۔
یاد رہے کہ تیسرا ایران اور متحدہ عرب امارات کا مشترکہ اقتصادی کمیشن 30 اپریل سے یکم مئی تک ابوظہبی میں منعقد ہوا جس میں ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ اور شہری ترقی مہرداد بازرپاش اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادیات عبداللہ بن توق المری کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر دستخط ہوئے۔